اسرائیل کی ہرکارروائی کا بھر پورجواب دینےکے لئے پوری طرح تیارہیں
سید حسن نصراللہ:
نیوزنور28 جنوری/ حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل نے اگر لبنان کو جارحیت کا نشانہ بنایا تو اسے سخت ہزیمت اٹھانا پڑے گی۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے المیادین ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شام میں اسلامی مقاومت و استقامت کی شاندار کامیابی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو شام میں بہت بری طرح شکست ہوئی ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ شام اس وقت آٹھ سالہ بحران کے بعد بہترین صورتحال میں ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ سرحد پر اسرائیلی فوج کے اقدامات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی فوج پر خوف و ہراس طاری ہے۔
حزب اللہ کے سربراہ نے لبنان کی سرحدوں پر اسرائیل کی فوجی نقل و حرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے مسلط کردہ جنگ کی صورت میں ہم مناسب اور منہ توڑ جواب دیں گے اور لبنانی سرزمین کا دفاع کرنے کے لئے تمام لبنانی آمادہ اور تیار ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حزب اللہ کے پاس ٹارگیٹ کرنے والے میزائل بڑی تعداد میں موجود ہیں جو مستقبل میں کسی بھی طرح کی جنگ میں استعمال کئے جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ہم دشمن کے تمام منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے آمادہ ہیں۔ ہم غزہ، لبنان یا شام میں اسلامی مزاحمت کے خلاف اسرائیل کی ہر کارروائی کا بھر پور جواب دینے کے لئے بھی تیار ہیں۔
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے مسئلہ فلسطین پر امریکہ اور سعودی ولیعہد بن سلمان کی سینچری ڈیل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا کوئی بھی گروہ اس ڈیل کی حمایت نہیں کرے گا اور امریکہ اور سعودی عرب کو اس ڈیل کے حوالے سے بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔
سید حسن نصر اللہ نے سعودی فوجی اتحاد کے مقابلے میں یمنی عوام کی استقامت ومقاومت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ یقینی طور پر یمنی عوام کے ہاتھوں جارحین کو شکست ہو گی۔