ایران کیلئے یورپی مالیاتی نظام کی اگلے ہفتے باقاعدہ رونمائی ہوگی
یورپی یونین:
نیوزنور26 جنوری/یورپی یونین کے سفارتی ذرائع نے خبردی ہےکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے یورپ کے مخصوص مالیاتی نظام کی اگلے ہفتے باقاعدہ رونمائی کی جائے گی۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق یورپی کمیشن نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تجارتی تعاون کے تحفظ کے لئے مخصوص مالیاتی میکنزم کا جلد نفاذ ہوگا جبکہ تین یورپی سفارتکاروں نے یہ کہا ہے کہ آئندہ پیر کے روز اس میکنزم کی باضابطہ رونمائی ہوگی۔
یورپی یونین کی چیف خارجہ پالیسی کی ترجمان نے برسلز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس حوالے سے کہاکہ ایس وی پی میکنزم کی تیاری میں اچھی پیشرفت ہورہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ اسے جلد نافذ کردیا جائے گا۔
تین یورپی سفارتکاروں نے اپنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ 28 جنوری تک یورپ کے مخصوصی مالیاتی نظام کا باقاعدہ اعلان ہوگا تاہم بعض معاملات کو حل کرنے میں شاید تاخیر ہو مگر یورپی یونین نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ اس میکنزم کو رواں ماہ کے آخر تک حتمی شکل دے دی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق،ایران کے لئے یورپ کے مخصوص مالیاتی میکنزم کا مرکز فرانس ہوگا اور اس کی سربراہی جرمنی کرے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال مئی میں ایران جوہری معاہدے سے امریکہ کی غیرقانونی علیحدگی کے بعد، یورپی یونین نے اس کے خلاف مؤقف اپنایا اور اس نے ایران کے ساتھ تجارت کو جاری رکھنے کے لئے موثر طریقہ اپنانے کا اعلان کر رکھا۔
مخصوص مالیاتی میکنزم کے تحت جسے مختصر حرفوں میں SPVکہا جاتا ہےایران کے مرکزی بینک اور یورپی ممالک کے درمیان براہ راست تعاون قائم ہوگا جس کی مدد سے بینکاری اور تجارت سے متعلق مشترکہ سرگرمیوں کو ضمانت ملے گی۔