یمن کےسیاسی منظر نامے میں منصور ہادی کا کوئی کردار نہیں ہے
تحریک انصار اللہ کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ :
نیوزنور23جنوری/یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ نے کہا ہے کہ یمن کےسیاسی منظر نامے میں منصور ہادی کا کوئی کردار نہیں ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ ’’فضل ابوطالب‘‘ نے کہا کہ استعفٰی دیکر سعودی عرب بھاگنے والے صدر منصور ہادی کو ملک کے سیاسی منظر نامے میں کوئی کردار حاصل نہیں ہو گا۔
انہوں نےجنگ بندی کی نگرانی کرنے والی عالمی کمیٹی کے سربراہ پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جارح ممالک اسٹاک ہوم امن معاہدے پر عمل نہیں کر رہے ہیں جس کے باعث جنگ بندی دشوار ہو گئی ہے۔
موصوف سربراہ نے یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے معین شریم کے ساتھ ملاقات میں واضح کیا ہے کہ جنگ بندی کی نگراں عالمی کمیٹی کے سربراہ پیٹرک کیمائرٹ جنگ بندی معاہدے کو منحرف کرنے اور اسٹاک ہوم امن معاہدے کے دائرہ کار سے تجاوز کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جارح ممالک جن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے امن معاہدے کا ساتھ نہیں دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیدیوں کا تبادلہ اور جارج ملکوں کی جانب سے قیدیوں کی فہرست فراہم نہ کیے جانے کے سبب اسٹاک ہوم امن معاہدے پر علمدرآمد میں روکاوٹیں پیدا ہو گئی ہیں۔
فضل ابوطالب نے مزیدکہا کہ جارح ممالک جس قانونی حکومت کا دم بھر رہے ہیں وہ یمن پر اپنے ناجائز قبضے اور مقاصد کے حصول کا بہانہ ہے۔