یمنی عوام کے خلاف انسانیت سوز جرائم کے ارتکاب کے جرم میں بن سلمان پر مقدمہ چلایا جائے
سینئر امریکی سینٹر:
نیوزنور23جنوری/ایک سینئر امریکی سینٹر نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے عالمی برادری سےانسانیت کے جرائم کے ارتکاب پر ان کے خلاف کاروائی کرنےکا مطالبہ کیا ہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق ایک ٹویٹ میں ’’برنی سینڈرس‘‘نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے عالمی برادری سےانسانیت کے جرائم کے ارتکاب پر ان کے خلاف کاروائی کرنےکا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ امریکی صدر کی طرف سے بن سلمان جیسے ڈکٹیٹر کی حمایت افسوسناک ہے۔
انہوں نے یمن پر سعودی عرب کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جارحیت کی وجہ سے اس ملک میں خطرناک انسانی المیہ پیدا ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بحران یمن کے اصل ذمہ دار محمد بن سلمان ہیں اوران پر عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ چلانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ پچّیس مارچ دو ہزار پندرہ کو امریکہ کی حمایت اور سعودی عرب کی سرکردگی میں علاقے کے ملکوں کے اتحاد کے حملوں سے یمن میں فوجی مداخلت شروع ہوئی ہے جو بدستور جاری ہے یمن پر حملوں کے نتیجے میں اب تک دسیوں ہزار یمنی شہری منجملہ عورتیں اور بچے خاک و خون میں غلطاں ہو چکے ہیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ وہ ممالک، جو انسانی حقوق کا دم بھرتے ہیں، یمن میں غیر انسانی جرائم کے بارے میں انھوں نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور ان ممالک کی جانب سے وحشیانہ جرائم پر کسی بھی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا جا رہا ہے۔
- ۱۹/۰۱/۲۳