ایران کے ساتھ یورپ کا خصوصی مالیاتی نظام آئندہ دو تین ہفتے میں اپنا کام شروع کر دے گا
وال اسٹریٹ جرنل:
نیوزنور19جنوری/ امریکی میڈیا نے خبر دی ہے کہ ایران کے ساتھ یورپ کے تجارتی معاملات کو آسان بنانے کے لئے مجوزہ خصوصی مالیاتی نظام ایس پی وی آئندہ دو تین ہفتے میں اپنا کام شروع کر دے گا۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے صحافی لارنس نورمن نے اپنے ٹویٹر پر لکھا ہے کہ یہ مالیاتی نظام فرانس میں قائم کیا جائے گا اور جرمنی کا ایک اعلی بینکار اس سسٹم کا انتظام سنبھالے گا-
وال اسٹریٹ جرنل کے صحافی نے کہا کہ توقع ہے کہ برطانیہ بھی ایک شیئر ہولڈر کے طور پر اس مالیاتی سسٹم میں شامل ہو گا-
واضح رہے کہ یورپی یونین نے چند مہینے قبل اعلان کیا تھا کہ وہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ایس، پی، وی نام سے ایک خصوصی مالیاتی نظام یا سسٹم قائم کرے گی تاکہ ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون جاری رکھنے کا راستہ ہموار رہے لیکن یورپی ممالک ابھی تک صرف اپنے وعدوں کو ہی دوہرا رہے ہیں اور اب تک کوئی ٹھوس عملی نتیجہ سامنے نہیں آیا ہے-