عراق اور ایران خطے میں اہم پوزیشن کے مالک ہیں
عراقی صدر:
نیوزنور16جنوری/عراق کے صدر نے ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ عراق وایران خطے میں اہم پوزیشن کے مالک ہیں نیز عرب اور خطے کے دیگر ملکوں میں انہیں کافی اثر و رسوخ حاصل ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صدر ’’برہم صالح‘‘ نے بغداد میں ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بغداد تہران تعلقات کا فروغ نہ صرف دونوں ملکوں کے عوام کے مفادات کا تقاضا ہے بلکہ اس سے خطے کے امن او استحکام کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ عراق اور ایران کو باہمی اشتراک اور خطے کے دیگر ملکوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام قائم کرنے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔
ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ نے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق کی تعمیرنو سمیت مختلف شعبوں میں عراقی عوام اور حکومت کےساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف منگل کی صبح بغداد سے عراقی کردستان ریجن کے صدر مقام اربیل پہنچے جہاں اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا ہےوزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے عراقی کردستان ریجن کے وزیر اعظم نچیروان بارزانی کے ساتھ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے سب ہی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہےکہ ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف عراقی حکام کے ساتھ مذاکرات اور بغداد، سلیمانیہ نیز کربلائے معلی میں ہونے والی اقتصادی فورموں میں شرکت کی غرض سے اتوار کے روز عراق پہنچے تھے۔
- ۱۹/۰۱/۱۶