اسرائیل کا اربوں ڈالر کی لاگت سے شروع کیا گیا انٹیلی جنس منصوبہ فلاپ
اسرائیلی ذرائع ابلاغ :
نیوزنور12جنوری/اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے فوجی ذرائع کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ملٹری انٹیلی جنس کا ایک انتہائی مہنگا پروجیکٹ تکمیل سے قبل ہی ناکامی سے دوچار ہوگیا ہےاگر چہ اس پروجیکٹ پر اربوں ڈالر کی لاگت آئی تھی اور اسے مکمل راز داری کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا تھا۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی اخبار’’یدیعوت احرونوت‘‘ نے اپنی رپورٹ میں کہاکہ ملٹری انٹیلی جنس کے اس پروجیکٹ کو حساس ہونے کی وجہ سے صیغہ راز میں رکھا گیا تھا اور اس پر اربوں ڈالر کا بجٹ صرف کیا گیا لیکن یہ پروجیکٹ تکمیل سے قبل ہی ناکامی سے دو چار ہوگیا۔
اخبار لکھتا ہے کہ یہ پروجیکٹ کئی سال سے جاری تھا اس میں انٹیلی جنس مقاصد کے لیے جدید آلات کی تیار اور دیگر پروگرامات شامل تھے۔
اخبار نے لکھا ہے کہ اس منصوبے کی ناکامی کے ذمہ داروں کا تعین نہیں کیا گیا اسے شروع سے اب تک صیغہ راز میں رکھا گیا اور کسی کو اس کی بھنک تک نہیں پڑنے دی گئی تاہم یہ پروجیکٹ اپنی تکمیل سے قبل ناکام ہوگیا۔
اخبار لکھتا ہے کہ اس طرح کے منصوبے عموما انتہائی راز داری کے ساتھ چلائے جاتے ہیں اور ان پر بجٹ آسانی کے ساتھ فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کی انتہائی سخت نگرانی اور سیکورٹی کی جاتی ہےتاکہ اس کے بارے میں معلومات کسی ذریعے سے باہر نہ پہنچیں۔
اسرائیلی وزرات دفاع کے ایک عہدیدار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ تین سال سے یہ منصوبہ جاری تھااورغیرمعمولی ہونے کی وجہ سے یہ پروجیکٹ صیغہ راز میں رکھا گیا تھا۔