امریکیوں کے سہارے قائم صہیونی ریاست کا کوئی مستقبل نہیں/فلسطینیوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے والوں کو تاریخ رُسوا کرے گی
حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ:
نیوزنور25مئی/اسلامی تحریک مقاومت حماس کے سیاسی شعبے کے سابق صدر اور جماعت کے مرکزی رہنما نےکہا ہے کہ فلسطینی قوم کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے والوں کو تاریخ رسوا کرے گی اور جو فلسطینیوں کی مدد اور نصرت کرے گا اس کا نام تاریخ میں ہمیشہ چمکتا رہے گا۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اسلامی تحریک مقاومت حماس کے سیاسی شعبے کے سابق صدر اور جماعت کے مرکزی رہنما’’خالد مشعل‘‘نے ترکی سمیت تمام اسلامی ممالک سےفلسطینی قوم کی اس وقت تک مدد جاری رکھنے کہ جب تک فلسطینیوں کو ان کا حق خود ارادیت نہیں مل جاتا،جب تک القدس آزاد اور مسجد اقصیٰ صہیونی تسلط سے نکل نہیں آتی کا مطالبہ کیا ہے۔
خالد مشعل نے کہا کہ فلسطینی قوم کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے والوں کو تاریخ رسوا کرے گی اور جو فلسطینیوں کی مدد اور نصرت کرے گا اس کا نام تاریخ میں ہمیشہ چمکتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ القدس اور مسجد اقصیٰ مسلمانوں کی میراث ہے اور یہ میراث ہمیں ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی تاریخ کا بدترین جرم ہے مگر یہ جرم القدس کی حقیقت کو تبدیل نہیں کرسکتا۔
موصوف سربراہ نے کہا کہ القدس عالم اسلام کا دارالحکومت ہے اور ہمیشہ رہے گا کیونکہ حق تمام طاقتوں پر بھاری ہے۔
حماس رہنما نے کہا کہ فلسطین کا بچہ بچہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو سےزیادہ فلسطین کے مستقبل کے بارے میں ادراک رکھتا ہے۔
خالد مشعل نے مزید کہا کہ صہیونی ریاست اپنی بقاء کے لیے امریکیوں سے مدد مانگتی ہے اور ہم اللہ سے مدد مانگتے ہیں۔
- ۱۸/۰۵/۲۵