ٹرمپ افغان عوام سے معافی مانگیں
افغان سینیٹ کے چیئر مین:
نیوزنور08جنوری/ افغانستان کی سینیٹ کے چیئر مین نے امریکی صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغان عوام کی توہین پر باضابطہ طور پر معذرت خواہی کریں۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی سینیٹ کے چیرمین ’’فضل ہادی مسلم یار ‘‘نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے سابق سویت یونین کے خلاف افغان عوام کے جہاد کے بارے میں امریکی صدر کے حالیہ بیان کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے اُن سے افغان عوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کو اپنے توہین آمیز بیان پر افغان عوام سے باضابطہ معافی مانگنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سرزمین افغانستان میں سابق سویت یونین کی شکست ہماری قوم کا قابل فخر کارنامہ ہے۔
مسلم یار نے مزید کہا کہ اگر افغان عوام کا جہاد نہ ہوتا تو آج امریکہ کمیونیزم کے خطرات سے محفوظ نہ رہتا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی تضاد بیانیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے افغانستان پر سابق سویت یونین کے حملے کو جائز اور اس کے خلاف جنگ کرنے والوں کو دہشتگرد قرار دیا تھا۔
- ۱۹/۰۱/۰۸