امریکہ شامی تعمیرنو سے بھاگنے کیلئے وہاں سے نکل گیا
امریکی پروفیسر :
امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے پروفیسر نے کہاہے کہ شام میں امریکی موجودگی سے شام کو تباہی کے سوا کچھ نہیں ملا اسی لئے شام کی تعمیر نو سے بھاگنے کے لئے امریکہ وہاں سے نکل گیا۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے پروفیسر ’’ڈینیل سیرور‘‘ نے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ ابھی تک شام سے امریکی انخلاء کا طریقہ کار یا نکلنے کا کوئی ٹائم فریم سامنے نہیں آیا جبکہ سنیٹئر گراہام کا بھی کہنا ہے کہ امریکی انخلاء کا انحصار حالات کے مطابق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ یقین نہیں کہ امریکہ شام سے نکلے گا یا نہیں یا یہ انخلاء کس وقت ممکن ہوگا کیونکہ وائٹ ہاؤس نے اس حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائی۔
امریکی پروفیسر نے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے کسی سنجیدہ مشورے یا اپنے مشیروں اور اتحادیوں سے کسی پیشگی مذاکرات کے بغیر یہ فیصلہ کیا جس کے تحت شام سے ہزاروں امریکی فوجی اہلکاروں کو واپس بلایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے اس فیصلے سے یہ بات ظاہر ہوئی کہ واشنگٹن اپنے اتحادی اور مخالفین کے سامنے بے بس ہےجبکہ امریکی فیصلے سے تہران اور ماسکو خوش ہیں اور دوسری جانب داعش کے دہشتگردوں نے کُردوں کے خلاف نئے حملوں کا آغاز کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے شام سے اچانک نکلنے کا اعلان کرنے کو ترجیح دی جس کا مقصد شام کی تعمیر نو کے عمل سے بھاگنا تھا۔
پروفیسر ڈینیل سیرور نے مزید کہا کہ امریکہ جب عراق سے نکل گیا تھا تب عراق میں بھی پوری طرح استحکام نہیں آیا تھا در حقیقت یہ تمام امریکی صدور کی روایت رہی ہے کہ وہ کسی ملک کی تعمیر نو میں حصہ نہیں لیتے کیونکہ یہ ایک طویل مدت عمل ہے جن میں کافی وقت لگے گا اور خرچہ بھی ہوگا۔
- ۱۹/۰۱/۰۲