ایران جوہری معاہدے کے تئیں دیانتدار ہے/اسکی تمام جوہری سرگرمیاں عالمی معیار اور قوانین کے مطابق ہیں
عالمی جوہری ادارہ:
نیوزنور25مئی/بین الاقوامی جوہری توانائی ادارےنے جوہری معاہدے سے متعلق اپنی تازہ ترین رپورٹ میں امریکہ کے من گھڑت الزامات کے باوجود ایک بار پھر ایران کی جوہری سرگرمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایٹمی معاہدے کے مطابق قرار دیا ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ادارے’’آئی اے ای اے‘‘نے جوہری معاہدے سے متعلق اپنی تازہ ترین رپورٹ میں امریکہ کے من گھڑت الزامات کے باوجود ایک بار پھر ایران کی جوہری سرگرمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایٹمی معاہدے کے مطابق قرار دیا ہےاور2015 میں ایران جوہری معاہدے کے نفاذ کے بعد یہ 11ویں مرتبہ ہے کہ عالمی جوہری ادارہ ایران کی دیانتداری کی مسلسل تصدیق کررہا ہے۔
ادارے نے اپنی رپورٹ میں ایک بار پھر تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی تمام جوہری سرگرمیاں عالمی معیار اور قوانین کے مطابق ہیں۔
بین الاقوامی جوہری توانائی ادارے (IAEA) میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا نجفی نے کہا کہ عالمی ادارے کی تازہ ترین رپورٹ میں ایک بار پھر ایران کی جوہری سرگرمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایٹمی معاہدے کے مطابق قرار دیا ہے۔
آئی اے ای اے میں ایران کے مستقل نمائندے نے کہا کہ ایران کے بھاری پانی کا ذخیرہ 128.3 ٹن ہے اور اس وقت بھاری پانی پروڈکشن کا پلانٹ تعمیرات اور بحالی کے مرحلے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ میں عالمی جوہری معاہدے کے تحت تحقیقی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھنا، یورنیم کی افزودگی کو فروغ دینا اور سنٹری فیوجرز کے اجزاء کی پیداوار کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جامع رپورٹ میں ذکر کیا گیا ہے کہ ایران عالمی جوہری معاہدے کے نفاذ سے اس پر عین مطابق عمل درآمد کر رہا ہے لہذا یہ ادارہ ایران کی جوہری سرگرمیوں کے پر امن ہونے کی یقین دہانی کراتا ہے۔
- ۱۸/۰۵/۲۵