امریکہ نے سابق سوویت یونین سے عبرت حاصل نہیں کی
طالبان کے ترجمان:
نیوزنور29دسمبر/ افغان طالبان کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ کو سابق سوویت یونین کی شکست اور ٹکڑوں میں منقسم ہوجانے سے سبق سیکھنا چاہیے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ’’ذبیح اللہ مجاہد‘‘نے افغانستان پر سوویت یونین کے حملے کے 39 سال پورے ہونے پرامریکہ کو فوری طور پر افغانستان سے نکل جانے کا مشورہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان عوام اپنی زمین پر کسی کا بھی قبضہ برداشت نہیں کریں گے اور روس کی شکست کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکہ افغان شہریوں کی مشکلات سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت کو دوبارہ نہ آزمائے۔
واضح رہے کہ چند روزقبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ افغانستان میں موجود امریکی دستوں کی تعداد میں کمی کا اعلان کر چکے ہیں جس کے بعد وائٹ ہاؤس انتظامیہ افغانستان میں تعینات 14 ہزار فوجیوں میں سے نصف کو واپس بلانے کے لیے اقدامات کررہی ہے اس کے علاوہ امریکہ نے شام سے بھی اپنی فوج نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
- ۱۸/۱۲/۲۹