غزہ تباہی کے دھانے پر کھڑا ہےانسانی المیہ اپنی آخری حدوں کو چھو رہا ہے
مشرق وسطیٰ میں اقوام متحدہ کے امن مندوب:
نیوزنور24مئی/اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ کے لیے امن مندوب نے خبردار کیا ہے کہ فلسطین کا محصور علاقہ غزہ تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے اور انسانی المیہ اپنی آخری حدوں کو چھو رہا ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق القدس میں منعقدہ ایک تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ کے لیے مندوب’’ نیکولائے میلاڈینوف‘‘ نے اسرائیلی فوج کی طرف سے نہتے فلسطینیوں کے خلاف ہلاکت خیز حربے استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ پر اسرائیل کی مسلط کردہ پابندیوں کے نتیجے میں علاقے میں بدترین بحران پیدا ہو اہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام جیل کی زندگی بسر کررہے ہیں ان کی بات سننا ہماری ذمہ داری اور ان کی مشکلات کا احساس ہمارا فرض ہےکیونکہ یہ پہلے ہی کئی جنگوں کا سامنا کرچکے ہیں۔
انہوں نے غزہ پٹی میں بجلی، صحت اور دیگر شعبوں میں درپیش مشکلات کے فوری حل کی ضرورت پربھی زور دیا۔
مشرق وسطیٰ میں اقوام متحدہ کے امن مندوب نے کہا کہ غزہ پٹی میں فلسطینیوں کے مظاہروں میں شدت کی ایک وجہ امریکہ کی طرف سے تل ابیب سے اپنے سفارت خانے کی القدس منتقلی بھی ہے فلسطینی اس اقدام کے خلاف ہیں اور مسلسل احتجاج کررہے ہیں۔
انہوں نےعالمی برادری پر زور دیاکہ وہ فلسطینیوں کی فوری مدد کے لیے آگے آئے اور غزہ کے عوام کی معاشی مسائل کے حل میں مدد کے ساتھ اسرائیل پر بھی دباؤ ڈالے۔
- ۱۸/۰۵/۲۴