ایران ہمارا قابل بھروسہ پارٹنر ہے
کوریائی صدر:
نیوزنور27دسمبر/ جنوبی کوریا کے صدر نے تہران سیول تعلقات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمارا اہم اور قابل بھروسہ شراکت دار ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر ’’مون جائی ان ‘‘ نے ایران کے نئے سفیر کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے تہران سیول تعلقات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمارا اہم اور قابل بھروسہ شراکت دار ہے۔
کورین صدر نے کہا کہ تاریخ کے دشوارترین لمحات بالخصوص 70 کی دہائی اور ایران کے خلاف عراق کی جنگ کے دوران میں بھی ایران اور جنوبی کوریا کے درمیان تعاون کا سلسلہ جاری رہا۔
انہوں نے جزیرہ نما کوریائی خطے میں تنازعات کے حل کے لئے ایران کی جانب سے امن عمل کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران کوریا تعلقات میں موجود مسائل قریب مستقبل میں حل ہوں گے۔
صدر مون جائی ان نے اپنے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر حسن روحانی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
ملاقات میں نئے ایرانی سفیر نے ایران کوریا تاریخی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور پارلیمانی شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا ہوگا۔
انہوں نے کوریائی خطے میں تخفیف جوہری اسلحے سے متعلق کورین صدر کی کاوشوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس ضمن میں جنوبی کوریا کی پالیسی کی حمایت کرتا ہے۔
ایرانی سفیر نے جوہری معاہدے سے امریکہ کی غیرقانونی علحٰیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے یکطرفہ اقدامات سے عالمی سطح پر پیدا ہونے والی مشکلات کے علاوہ ایران اور کوریا کا بینکاری اور مالی تعاون بھی متاثر ہوا ہے لیکن ہمیں اُمید ہے کہ کورین صدر کی کوششوں سے ان مشکلات پر جلد قابو پالیا جائے گا۔
- ۱۸/۱۲/۲۷