اقوام متحدہ جمال خاشقچی کے قتل کی تحقیقات کرے
ترک وزیر خارجہ:
نیوزنور25دسمبر/ ترکی کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سے جمال خاشقچی کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
عالمی اردو خبر رساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے وزیر خارجہ ’’مولود چاوش اوغلو‘‘ نے تیونس کے دورے کے موقع پر اپنے تیونسی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اور دیگر ممالک سعودی صحافی جمال خاشقچی کے قتل کی تحقیقات کے لیے اقوامِ متحدہ سے رجوع کریں گے۔
انہوں نے سعودی عرب سے بھی مطالبہ کیا کہ صحافی کے قتل کے حوالے سے کی گئی اپنی تحقیقات سے بین الاقوامی برادری کو بھی آگاہ کرے۔
یاد رہے کہ اکتوبر میں جمال خاشقچی کے قتل کے ایک ہفتے بعد انسانی حقوق کی 4 مایہ ناز تنظیموں ہیومن رائٹس واچ، ایمنسٹی انٹرنیشنل، کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس اور رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے ترکی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ان کی گمشدگی کی تحقیقات کے لیے اقوامِ متحدہ سے رابطہ کرے۔
قابل ذکر ہے کہ اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشعل بیچلیٹ نے میڈیا کو بتایا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے کی جانے والی جمال خاشقچی کے قتل کی تحقیقات میں کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی چنانچہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوامِ متحدہ اس کی تفتیش کرے۔
واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ وہ درخواست موصول ہونے کی صورت میں خاشقچی کے قتل کی تحقیقات کرائیں گےترک حکام کی تحقیقات اورسامنے آنے والی آڈیو گفتگو کے مطابق خاشقچی کو سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان کے براہ راست حکم پر بہیمانہ طور پر قتل کیا گیا اور سعودی عرب کے ولیعہد بن سلمان سعودی صحافی خاشقچی کے قتل میں براہ راست ملوث ہیں۔
- ۱۸/۱۲/۲۵