قبلہ اول کی مسلسل بے حرمتی آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے
اردنی وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور:
اردنی وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی سےعالم اسلام کے جذبات مشتعل ہو رہے ہیں اور قبلہ اول کی بار بار بے حرمتی کے واقعات آگ سے کھیلنے کے مترادف ہیں۔
عالمی اردو خبر رساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اردنی وزیر برائے اوقاف اور مذہبی امور’’ ڈاکٹر عبدالناصر ابو البصل‘‘ نے ایک بیان میں کہا کہ صہیونی ریاست اور یہودی انتہا پسند ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسجد اقصٰیٰ کا تقدس پامال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئے روز یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ، باب المغاربہ، باب الرحمۃ اور باب الرحمۃ قبرستان اور القدس کے دیگر اسلامی مقامات کی بے حرمتی کرتے ہیں۔
موصوف وزیر نے کہا کہ اسرائیل کا فلسطینی شہریوں کو باب الرحمۃ سے قبلہ اول میں داخل ہونےسے روکنا مسلمانوں کے مذہبی امور میں مداخلت کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہودی آباد کاروں کی طرف سے حال ہی میں وقف شدہ اموی محلات، دیوار براق اور دیگر مقامات کی بے حرمتی کی گئی انتہا پسند یہودی روزانہ کی بنیاد پر قبلہ اول کی بے حرمتی کرتے ہیں اور مسلمانوں پر تشدد کے مرتکب ہوتے ہیں اوراسرائیلی ریاست اور اس کےسیکورٹی ادارے یہودی انتہا پسندوں کو قبلہ اول پریلغار کے لیے فول پروف سیکورٹی مہیا کرتے ہیں۔
اردنی وزیر نے قبلہ اول کی بے حرمتی اور اس کے نتیجے میں مسلمانوں میں پائے جانےوالے غم وغصے کے سنگین نتائج کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پرعاید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو قبلہ اول کی بے حرمتی سے ہرصورت میں باز آنا ہوگا۔
- ۱۸/۱۲/۲۵