سلامتی کونسل اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات بند کرائے
عرب لیگ :

نیوز نور20نومبر/ عرب لیگ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے مظالم فوری طور پر بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق قاہرہ میں ہونے والے عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس کے اختتامی بیان میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے مظالم فوری طور پر بند کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بیان میں اسرائیل کے اقدامات کو تمام عالمی قوانین، انسانی اصولوں اور بین الاقوامی معاہدوں کے منافی قرار دیا گیا ہے۔
عرب لیگ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے وحشیانہ اقدامات اور جارحیت کا سلسلہ فوری طور پر بند کرائے۔
واضح رہے کہ قاہرہ میں منعقدہ عرب لیگ کے اجلاس میں برازیل اور آسٹریلیا کو
اپنے سفارت خانوں کی بیت المقدس منتقلی سے روکنے کی غرض سے تنظیم کے وفود بھیجنے
کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
- ۱۸/۱۲/۲۰