فلسطینی اتھارٹی غرب اردن میں مقاومتی محور سے خائف
اسرائیلی کثیرالاشاعت عبرانی اخبار:

نیوزنور19دسمبر/ اسرائیل کے ایک کثیرالاشاعت عبرانی اخبارنے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہےکہ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے حالیہ ایام میں فائرنگ کے واقعات نے فلسطینی اتھارٹی کوبھی خوف اور خدشات لاحق ہیں اور یہ خوف صہیونی ریاست کو بھی لاحق ہے جس کی وجہ سے اس نے غرب اردن کو فوجی چھائونی میں تبدیل کر رکھا ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے کثیرالاشاعت عبرانی اخبار’’ہارٹز‘‘نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ غرب اردن میں فلسطینیوں کے بڑھتے ہوئے مقاومتی حملوں سے فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل دونوں خوف زدہ ہیں اوروہ ان بڑھتے ہوئے حملوں اور مقاومت کو اسلامی تحریک مقاومت حماس کی عوامی مقبولیت کے طورپر دیکھ رہے ہیں۔
عبرانی اخبار کےمطابق جب اسرائیلی فوج غرب اردن کے کسی علاقے میں چھاپہ مارتی ہے تو اس وقت فلسطینی اتھارٹی کے پولیس اہلکار چھپ جاتے ہیں۔
اخبار میں شائع عمیرہ ہس کے مضمون میں لکھا گیاہے کہ فلسطینیوںکے بڑھتے ہوئے مقاومتی حملوں کے بعد اسرائیلی فوج کی کارروائیوں نے غرب اردن کے عوام میںحماس کے مؤقف کو تقویت دی ہے اور لوگ حماس کے بیانیے کو زیادہ قبول کرنے لگے ہیں فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیلی فوج جیسے جیسے غرب اردن میں طاقت کے استعمال کے حربوں میں اضافہ کررہی ہیں مقامی عوام میں حماس کی حمایت اتنی ہی بڑھتی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے فلسطینی اتھارٹی کی پولیس نے رام اللہ ، الخلیل اور نابلس میں حماس کی حمایت میں نکالی جانے والی ریلیوں پر طاقت کا استعمال کیا جس کے بعد غرب اردن میں حماس کی مقبولیت مزید بڑھی اور فلسطینی اتھارٹی کے خلاف عوام میں نفرت کے جذبات میں اضافہ ہوا ہے۔
اخباری رپورٹ کے مطابق جب اسرائیلی فوج غرب اردن کے کسی شہر میں چھاپہ مارتی ہے وہ فلسطینی اتھارٹی کی پولیس کو پہلے ہی با خبر کردیتی ہے تاکہ وہ فلسطینیوں کے غیض وغضب سے بچ سکے۔
- ۱۸/۱۲/۱۹