القدس میں املاک کی سودے بازی قومی اور دینی جرم ہے
حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر :
نیوزنور13دسمبر/ اسلامی تحریک مقاومت حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر نے مقبوضہ بیت المقدس میں محکمہ اوقاف کی املاک کو دشمن کو فروخت کرنے یا ان کے حوالے سے دشمن کے ساتھ کسی بھی قسم کی سودے بازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قومی جرم قرار دیا ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر ’’عصام الدعلیس‘‘ نے ایک بیان میں کہا کہ بیت المقدس کی فلسطینی املاک کو چوری چھپے دشمن کو دینا قومی اور دینی جرم ہے جس کی معافی کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے ساتھ کسی بھی طرح کا ساز باز کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا چاہیے۔
حماس رہنما نے تمام فلسطینی قوتوں پر زور دیا کہ وہ القدس اور ملک کے دوسرے علاقوں کی سرکاری املاک کے تحفظ اور انہیں صہیونیوں کے حوالے کرنے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
موصوف نائب صدر نے کہا کہ القدس کی املاک کو یہودیوں کو دینا مقدس شہر کو یہودیانے میں دشمن کی مدد کرنے کے مترادف ہے۔
واضح رہے کہ بیت المقدس کی کئی املاک پر حالیہ عرصے میں یہودیوں نے غاصبانہ تسلط قائم کیا ہے ان کا دعویٰ ہے کہ یہ املاک انہیں فروخت کی گئی ہیں اور انہیں ان پر تصرف کا پورا حق حاصل ہے۔- ۱۸/۱۲/۱۳