امریکی پابندیوں کا مقصد ایران اور روس کو کمزور کرنا ہے
اعلٰی روسی رکن پارلیمنٹ:
نیوزنور12دسمبر/روس کے ایوان زیریں ڈوما کے سنیئر رکن نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے خلاف امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کی پابندیوں کا مقصد دونوں ملکوں کو کمزور کرنا ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق روسی پارلیمنٹ کی سیکورٹی اور اینٹی کرپشن کمیٹی کے ڈپٹی چیئرمین ’’دمتری ساویلیف‘‘ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے خلاف امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کی پابندیوں کا مقصد دونوں ملکوں کو کمزور کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے شعبے میں روس کا ایران کے ساتھ قریبی تعاون برقرار ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ امریکہ اور اس کے اتحادی پابندیوں کے ذریعے ہماری حکومتوں کو مفلوج کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے اپنے حالیہ دورہ ایران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی اٹارنی جنرل،محکمہ داخلہ کے حکام، انسداد منشیات ادارے اور اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ تعمیری ملاقاتیں ہوئیں جس میں مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلٰی روسی رکن پارلیمنٹ نے ایران اور روس کے مشترکہ مالیاتی چینل کے قیام کا مطالبہ کیا تا کہ اس کے ذریعے سے پابندیوں کا مقابلہ کیا جاسکے کیونکہ بیرونی پابندیوں کا ایک اہم مقصد دونوں ممالک کے مالی شعبے کو نقصان پہنچانا ہے۔
انہوں نےکہا کہ ایران اور روس کے درمیان مقامی کرنسیوں کے استعمال کے جلد نفاذ کو یقینی بنانا ہوگا جس سے دونوں ممالک کی تجارتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
دمتری ساویلیف نےمزید تہران، ماسکو،باکو اور انقرہ کے درمیان چا رفریقی سیاسی اتحاد کی تشکیل پر زور دیا جس کی مدد سے چاروں ممالک خطے میں مختلف شعبوں میں اجتماعی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے 8 مئی کو غیرقانونی طور پر ایران جوہری معاہدے سے علحٰیدگی کا اعلان کردیا اور اس کے علاوہ ایران پر امریکی پابندیاں عائد کرنے کا بھی حکم جاری کردیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے ایران کو تنہائی کا شکار کرنے کے لئے اقتصادی دباؤ اور پابندیاں کا طریقہ کار اپنایا ہوا ہے جبکہ ایران نے اپنے وعدوں پر عمل کیا اور عالمی جوہری ادارہ بھی اس بات کی بارہا تصدیق کرچکا ہے۔
- ۱۸/۱۲/۱۲