دنیا ایران جوہری معاہدے کے تحفظ کو یقینی بنائے
سربراہ اقوام متحدہ:
نیوزنور12دسمبر/اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خطے اور دنیا کے اہم ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران جوہری معاہدے کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سربراہ’’انٹونیو گوٹیرش‘‘ نےایران جوہری معاہدے سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کے نفاذ پر اپنی چھٹی رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے خطے اور دنیا میں اثر و رسوخ رکھنے والے ملکوں پر زور دیا کہ وہ اس معاہدے کے نفاذ کی ضمانت دیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران جوہری معاہدہ عالمی سطح پر اجتماعی سفارتکاری کی اہم مثال اور کامیابی ہے جس کی توثیق سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کے ذریعے کی گئی ہے لہذا عالمی برادری اس کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
گوٹیرش نے کہا کہ مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے جوہری معاہدہ حاصل ہوا جو دنیا میں جوہری تخفیف اسلحہ کے لئے بڑی اہمیت رکھتا ہے۔
سربراہ اقوام متحدہ کہ جنہوں نے اپنی گزشتہ رپورٹ میں امریکی علحٰیدگی اور جوہری معاہدے کے مستقبل پر تشویش کا اظہار کیا تھا اس بار جوہری معاہدے کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جوہری معاہدہ عالمی امن و سلامتی کے لئے ناگزیر ہے لہذا معاہدے کے تمام فریقین، اراکین۔ سلامتی کونسل اوراقوام متحدہ خطہ اور دنیا کے اہم ممالک اس کی بقا کی ضمانت دیں۔
موصوف سربراہ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ جوہری معاہدے کے علاوہ جو مسائل ہیں انہیں کسی اور طریقے سے حل کرنا چاہئے لہذا اس معاہدے کے تحفظ کے ساتھ ان مسائل پر بھی بات چیت ممکن ہے۔
انہوں نے جوہری معاہدے پر پابندی سے عمل درآمد کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کی کارکردگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی بھی اپنی متعدد رپورٹس میں ایران کی شفاف کارکردگی کی تصدیق کرچکی ہے۔
انہوں نے ایرانی جوہری معاہدے سے امریکی علحٰیدگی اور ایران پر ماضی کی پابندیوں کی تجدید کو جوہری معاہدے کے لئے اہم چیلنج قرار دے دیا۔
انٹونیو گوٹیرش نے مزید ایران اور یورپی ممالک کے درمیان قریبی رابطے اور مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایران کے لئے یورپ کے مخصوص مالیاتی میکنزم کے جلد نفاذ کا مطالبہ کیا۔
- ۱۸/۱۲/۱۲