امریکہ نے خطے کو بارود کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا ہے
ایرانی وزیر خارجہ:
نیوزنور08دسمبر/ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ نے خطے کو بارود کے ڈھیرمیں تبدیل کر دیا ہے جس سے علاقے میں امریکہ کی خطرناک پالیسی ظاہر ہوتی ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوز نور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ ’’محمد جواد ظریف‘‘نےتہران میں چھ ملکی اسپیکرز کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ خطے میں خطرناک پالیسی پر گامزن ہے۔
محمد جواد ظریف نے ایران کے میزائل پروگرام کے خلاف حالیہ امریکی الزامات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایران اور یورپ کے تعلقات کو خراب کرنے کے لئے سرتوڑ کوشش کررہا ہے بلکہ وہ تو ایران اور یورپ کے درمیان تعلقات سے زیادہ خطے کے مسائل کو غلط انداز میں پیش کررہا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے امریکی اخباروں میں پڑھا ہے کہ یمن میں القاعدہ اور شام میں داعش کے دہشتگرد امریکی ہتھیاروں کا استعمال کررہے ہیں جس سے خطے کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ دنیا میں مزید تنہائی کا شکار ہورہا ہے حتیٰ کہ وہ اپنی پالیسی کی خاطر چین کی بڑی کمپنی کی فئنانس ڈائریکٹر کو بھی گرفتار کرلیتا ہے۔
محمد جواد ظریف نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف یہ ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ اندر سے کتنا کھوکھلا ہوا ہے بلکہ یہ ان کی مایوسی کی علامت ہے۔
- ۱۸/۱۲/۰۸