غزہ کی ناگفتہ بہہ حالت سے دنیا بے خبر ہے/غزہ کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم خطے کے امن کے لیے تباہ کن ہیں
اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورک ایجنسی کے ہائی کمشنر:
غزہ کی ناگفتہ بہہ حالت سے دنیا بے خبر ہے/غزہ کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم خطے کے امن کے لیے تباہ کن ہیں
نیوزنور23مئی/فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے قائم اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورک ایجنسی کے ہائی کمشنر نے غزہ میں اسرائیلی فوج کے پرتشدد حملوں اور علاقے پر اسرائیل کی مسلط کردہ ناکہ بندی کو علاقائی امن کے لیے تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ30 مارچ 2018ء کے بعد غزہ میں پیدا ہونے والے حالات کے بارے میں عالمی برادری بے خبر ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے قائم اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورک ایجنسی اونروا کے سربراہ ’’پییر کرین پول‘‘ نے غزہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ دنیا کو کوئی خبر نہیں کہ تیس مارچ کے بعد غزہ میں کیا کچھ ہو رہا ہے۔
اونروا کے سربراہ نے کہا کہ غزہ پٹی میں ویسے تو ہرشعبہ ہائے زندگی تباہی کا شکار ہے مگر صحت کا شعبہ سب سے زیادہ ماثر ہوا ہےکیونکہ غزہ کی 70 فی صد آبادی پناہ گزینوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں غزہ کی مشرقی سرحد پر ریلیوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں میں بعض پناہ گزین طلبا بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ پٹی میں حالیہ پرتشدد واقعات میں جتنے فلسطینی زخمی ہوئے ہیں اتنے 2014ء کی جنگ میں زخمی نہیں ہوئے جسکی وجہ سے غزہ کے اسپتال زخمیوں سے بھرے پڑے ہیں۔
کرین پول نے مزید کہا کہ غزہ پٹی میں اسپتالوں میں پڑے زخمیوں کو دیکھ کر بہت صدمہ ہوتا ہےکیونکہ انہیں مناسب علاج کی سہولیات تک میسر نہیں ہیں۔
- ۱۸/۰۵/۲۳