مسجد اقصیٰ مسلم اُمہ کی امانت ہے/ تقسیم کی کوئی سازش قبول نہیں ہوگی
مذہبی امورو اوقاف کے اردنی وزیر:
نیوزنور06دسمبر/ مذہبی امورو اوقاف کے اردنی وزیر نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ ایک ارب 80 کروڑ مسلمانوں کی امانت ہے جس پر کسی دوسری قوم اور ملت یا مذہب کے پیروکاروں کا کوئی حق نہیں ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اردن کے وزیرمذہبی امور اور اوقاف ’’عبدالناصر ابو البصل‘‘ نے ایک کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ مسجد اقصیٰ کی حفاظت پوری مسلم امہ کی اجتماعی ذمہ داری ہےکیونکہ قبلہ اول پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے حرمین شریفین کی طرح مقدس ہے اور اس پر کسی دوسری قوم کا کوئی حق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کی مسجد اقصیٰ کو تقسیم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں مگر مسلمان اپنے اس مقدس مقام کو تقسیم کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ابو البصل نے عمان میں منعقدہ القدس اور مسجد اقصیٰ کی عالمی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پوری مسلم دنیا قبلہ اول کے حوالے سے ایک مؤقف رکھتی ہے۔
اردنی وزیر اوقاف نے عالم اسلام پر زور دیا کہ وہ قبلہ اول اور القدس کے دفاع کے حوالے سے اپنی صفوں میں اتحاد پیداکریں اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے ہونے والی عالمی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
- ۱۸/۱۲/۰۶