آل خلیفہ کے جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی انتہائی شرمناک ہے
جمعیت الوفاق بحرین:
آل خلیفہ کے جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی انتہائی شرمناک ہے
نیوزنور23مئی/بحرین کی سب سے بڑی حزب اختلاف جماعت نے آل خلیفہ حکومت کے جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق بحرین میں حکومت مخالف سب سے بڑے دھڑے’’ جمعیت الوفاق‘‘ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ منامہ کے مغرب میں واقع الدراز کے علاقے کا گذشتہ سات سو دن سے فوجی محاصرہ جاری ہے اس کے باوجود دنیا کے ممالک، عالمی ادارے اور تنظیمیں پھر بھی خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ محاصرہ بحرین کے معروف عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت سلب کئے جانے کے وقت سے جاری ہے۔
بیان کے مطابق الدراز کے علاقے میں پچّیس ہزار کی آبادی حکومت کے تادیبی اقدامات کے نتیجے میں سخت دباؤ اور مسائل سے دوچار ہے۔
جمعیت الوفاق نے اپنے بیان میں مزیدعالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ الدراز کا ظالمانہ محاصرہ اور آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی نظربندی فوری طور پر ختم کرائے۔
واضح رہے کہ بحرینی عوام، اپنے ملک میں سیاسی آزادی اور جمہوریت کے لئے پرامن تحریک چلارہے ہیں۔
- ۱۸/۰۵/۲۳