نیتن یاہو کے خلاف پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاری شروع
اسرائیلی عبرانی اخبار:
نیوزنور30نومبر/ایک اسرائیلی عبرانی اخبار میں اپنی ایک رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاری شروع کی ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی عبرانی اخبار ’’ہارٹز‘‘نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی طرف سے نئے مسودہ ہائے قوانین پیش کرنے کی تیاری شروع کی ہے جس میں حکومتی اتحاد کی طرف سے حمایت نہ ملنے پر نیتن یاہو کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی۔
اخبار کے مطابق اگر اپوزیشن کو 61 ارکان کی حمایت حاصل ہوجاتی ہے تو اس کے نتیجے میں نیتن یاہو کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جاسکتی ہے اس طرح اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو پر قبل از وقت انتخابات کے لیے دباؤڈالا جاسکے گا۔
عبرانی اخبارہارٹزکے مطابق بائیں بازو کی جماعت میرٹزآئندہ ہفتے ایک نیا مسودہ قانون پیش کررہی ہے جس میں ہفتے کے روز سپر مارکیٹ بند رکھنے پر پابندی کی مخالفت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے اسرائیل کے حکمراں اتحاد نے ثقافتی وفاداری کا ایک نیا بل لانے کی کوشش کی تھی مگر اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے مخالفت کے بعد وزیرثقافت میری ریگیو کےتجویز کردہ بل کو کنیسٹ کے ایجنڈے سے خارج کردیا گیا تھا اس پر دوسری اور تیسری رائے شماری نہیں کی گئی اور نیتن یاہو کی موجودہ حکومت میں یہ پہلا موقع ہےاپوزیشن جماعتوں نے ان کے آئینی بل کی مخالفت کرکے اسے ناکام بنا دیا ہے۔