امریکہ سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت جاری رکھے گا
امریکی وزارت خارجہ :
نیوزنور30نومبر/ امریکی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب سے اپنے مفادات سے متعلق جاری پالیسیوں کے تحت امریکہ اس ملک کو پندرہ ارب ڈالر کے ہتھیار فروخت کرے گا۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی اور سعودی حکام نے پیر کے روز ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کی رو سے سعودی عرب امریکہ سے مختلف قسم کے ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ چوالیس تھاڈ میزائل بھی خریدے گا۔
وزارت خارجہ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ اور امریکہ کی اسلحہ ساز کمپنیوں نے مخالف صحافی جمال خاشقچی کے قتل کے بعد بننے والی صورت حال میں بھی سعودی عرب کو ایک سو بیس ارب ڈالر کے ہتھیاروں کی فروخت کے معاہدے کا تحفظ کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکہ نے اپنے مفادات کے تحت یمن کے خلاف سعودی جارحیت میں ریاض کی حمایت کی ہے اور جمال خاشقچی کے قتل کیس میں بھی سعودی عرب کے خلاف کوئی مؤقف اختیار نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ یمن پر جارحیت میں ہزاروں بے گناہ عام شہری مارے جا چکے ہیں اور جمال خاشقچی کا نہایت بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا ہے۔