مغربی کمپنیوں کو ایران میں سرمایہ کاری کے سنہری موقعے کوگنوانا نہیں چاہئے
برطانوی اقتصادی کمپنی کے سربراہ:
نیوزنور27نومبر/برطانیہ کی ایک اقتصادی مشاورتی کمپنی کے سربراہ نے اس بات کا مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ امریکی پابندیوں کے باجود اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق برطانوی کمپنی آرجن کیپٹل لمیٹڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر ’’اینڈریاس شوئٹزر‘‘نے برطانیہ سے مطالبی کیا ہے کہ وہ امریکی پابندیوں کو نظر انداز کرکے ایران کے ساتھ مشتر کہ تجارتی سر گر میاں جاری رکھے۔
انہوں نے کہا کہ ایران مخالف امریکی پابندیوں کے باوجود مغربی ممالک ایران میں اپنے کاروبار بند نہ کریں بلکہ ایران میں تجارت اور سرمایہ کاری کے غیرمعمولی مواقع سے بہتر انداز میں فائدہ اُٹھائیں۔
برطانوی تاجر نے کہا کہ ایران سے متعلق وائٹ ہاؤس کی جارحانہ پالیسی مستقل نہیں بلکہ اس کی معیاد جلد ختم ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کی وہ کمپنیاں جو امریکہ سے کام اور ایشیائی ریاستوں سے زیادہ تجارت کرتی ہیں انہیں چاہئے کہ ایران کو ایک سنہری موقع کی نگاہ سے دیکھیں جہاں سرمایہ کاری کے لئے غیرمعمولی فضا موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مغربی کمپنیوں کو یہ مشورہ دیتے ہیں کہ ایران میں رہیں اور اپنی سرگرمیوں کو بند نہ کریں بلکہ وہ ایران میں مزید سرمایہ کاری کے لئے آگے بڑھیں۔
اینڈریاس شوئٹزر نے مزید کہا کہ جو کمپنیاں ایران میں کام کرنے سے متعلق ہم سے رابطہ کرتی ہیں تا کہ ہم انہیں اطلاعات فراہم کریں ان کی تعداد اتنی بڑھتی جارہی ہے جس سے ہمیں خود حیریت ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ آرجن کیپٹل لمیٹڈ ایک مشاورتی کمپنی ہے جس کا کام تاجروں اور سرمایہ کاروں کو مشرق وسطیٰ کی مارکیٹوں میں کاروبار کے لئے مشاورت فراہم کرنا ہے۔