فلسطین پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے
اسماعیل ہنیہ:
نیوزنور 26نومبر/فلسطین کی تحریک حماس کے سربراہ نے کہا ہے کہ فلسطینی امنگ کسی بھی ایک قوم یا گروہ سے مربوط نہیں ہے بلکہ یہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے تہران میں بتیسویں وحدت اسلامی بین الاقوامی کانفرس سے اپنے ویڈیو خطاب میں صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی برقراری کو جرم قرار دیتے ہوئے اس غاصب حکومت کے بائیکاٹ کی ضرورت پر زور دیا اور تاکید کے ساتھ اعلان کیا کہ فلسطینی قوم سینچری ڈیل کی سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
انہوں نے صیہونی حکومت کے مقابلے میں استقامت کو مسلمانوں میں اتحاد کا ایک بہترین ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرزمین فلسطین کا تشخص یہودی بنانے کی کوششوں سے تاریخی حقائق و جغرافیہ کبھی تبدیل نہیں ہو سکتا۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کو بیت المقدس یہاں تک کہ سرزمین فلسطین کی ایک بالشت زمین بھی غاصب اور دشمن صیہونی حکومت کو دینے کا کوئی حق نہیں ہے۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ وحدت اسلامی بین الاقوامی کانفرنس کا یہ ایک بہترین پیغام ہے کہ مسلمان کسی بھی صورت حال میں اتحاد و وحدت کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔