امریکہ داعش کا اتحادی ہے
روسی وزیر خارجہ:
نیوزنور 26نومبر/روس کے وزیر خارجہ نےکہا ہےکہ امریکہ دہشت گرد گروہ داعش کو شام میں اپنا ایک اتحادی تصور کرتا ہے اور اس کے خلاف جنگ کے بہانے وہ شام میں اپنی غیر قانونی موجودگی جاری رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ دہشت گرد گروہ داعش کو، شام میں غیر قانونی طور پر موجود اپنے فوجیوں کو باقی رکھنے کے ایک ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ شام میں امریکہ کا اصل مشن دہشت گردوں کو شکست دینا نہیں بلکہ وہ بدستور اس ملک میں حکومت کی تبدیلی کے ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔
دوسری جانب عراق اور شام میں امریکہ کی سرکردگی میں قائم نام نہاد داعش مخالف اتحاد کے فضائی حملوں کی نگرانی کرنے والے گروپ نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ سن دو ہزار چودہ سے اب تک ان ممالک میں امریکی اتحاد کے فضائی حملوں میں پانچ ہزار سے زائد عام شہری مارے جا چکے ہیں۔
شام کی وزارت خارجہ اقوام متحدہ سے کئی بار تحریری طور پر یہ مطالبہ کرچکی ہے کہ امریکہ کی سرکردگی میں قائم غیرقانونی اتحاد کو شام پر حملوں سے روکا جائے۔