ایرانو فوبیا اقوام متحدہ میں امریکی پالیسی کا محور
اقوام متحدہ میں ایرانی نمائندہ :
نیوزنور21نومبر/اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر نے ایک بیان میں اقوام متحدہ میں امریکی الزامات کو بے بنیاد اور خود ساختہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکیوں کو ایرانو فوبیا کی عادت پڑ گئی ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر سے جاری کئے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایک بار پھر خود ساختہ الزامات عائد کر کے ایرانو فوبیا کا حربہ استعمال کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ منافقین کے دہشتگرد گروہ سے ملنے والی اطلاعات کی بنیاد پر ایران کے خلاف الزامات عائد کرتا ہے جبکہ ایران مخالف امریکی دعوے میں کوئی حقیقت ہی نہیں ہوتی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانو فوبیا نکی ہیلی کی عادت میں تبدیل ہو چکا ہے جس کا مقصد فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جرائم اور ان جرائم پر صیہونی حکومت کے لئے امریکی حمایت کی پردہ پوشی ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں امریکہ کی مستعفی مندوب نکی ہیلی نے ایک بار پھر ایران پر دہشتگردی کی حمایت کا الزام عائد کیا ہے۔