دہشتگردی پر شام کی فتح تمام عرب ممالک کی فتح کے مترادف
شامی صدر:
نیوزنور21نومبر/شام کے صدر نے کہا ہے کہ دہشتگردی پر شام کی فتح مغربی منصوبوں کے مقابلے میں تمام عرب ملکوں کی کامیابی کے مترادف ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق شام کے صدر بشار الاسد نے دمشق میں اردن کے پارلیمانی وفد سے ملاقات میں قوموں کی بیداری میں پارلیمانوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہاکہ شامی قوم اور فوج جو استقامت کے میدان میں بنیادی عامل شمار ہوتی ہیں اپنی عرب قومی وابستگی پر کاربند ہیں۔
اردن کے پارلیمانی وفد نے اسی طرح شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم سے ملاقات میں دونوں ملکوں کی قوموں کی خواہش کی بنیاد پر شام اور اردن کے درمیان نصیب سرحدی گذرگاہ کی تعمیرنو کی اہمیت اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور اشیا و مصنوعات کی منتقلی میں اس کے مثبت کردار پر تاکید کی۔
دوسری جانب شام کی مسلح افواج کی کمان نے اعلان کیا ہے کہ صوبے سویدا کے جنوبی علاقے الصفا کی پہاڑیوں کو دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد کرائے جانے کے بعد اس علاقے سے دہشتگرد عناصر کا مکمل طور پر صفایا کر دیا گیا۔
شام کی مسلح افواج کی کمان نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ الصفا کی پہاڑیوں پر شامی فوج کا مکمل کنٹرول ہے اور اس طرح سویدا کے جنوب میں تین سو اسّی کلومیٹر کے صحرائی علاقے سے دہشتگردوں کا صفایا کر دیا گیا۔
شامی فوج نے سویدا کے مضافاتی علاقوں میں داعش دہشتگردوں کے خلاف اگست میں آپریشن شروع کیا تھا اس وقت وہاں کے پچاس فیصد علاقوں پر داعش دہشتگردوں کا قبضہ تھا۔
شام کی مسلح افواج کی کمان نے اعلان کیا ہے کہ سویدا کے علاقے مین فوجی ٹھکانے بڑھا دیئے گئے ہیں تاکہ دہشتگردوں کو نفوذ کرنے کا موقع نہ مل سکے اور صحرائی علاقوں میں داعش دہشتگردوں کے فرار کا راستہ بھی منقطع ہو جائے۔
داعش دہشتگردوں نے پچّیس جون کو سویدا اور اس صوبے کے مشرقی اور شمالی مضافاتی علاقوں پر حملہ کر دیا تھا جس میں دو سو پندرہ شامی شہری جاں بحق اور تقریبا ایک سو پچہتّر دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ ویدا کا صحرائی علاقہ جنوبی شام میں داعش دہشتگرد گروہ کا آخری ٹھکانہ شمار ہوتا ہے۔
- ۱۸/۱۱/۲۱