امریکہ میں ایران کو تنہا کرنے کی طاقت نہیں
بھارتی تجزیہ کار
نیوزنور۲۰ نومبر/بھارتی اسٹریٹجک اسٹڈیز سنٹر کے سربراہ نے خطی امن و استحکام سے متعلق ایران کے اہم کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اسلامی جمہوریہ ایران کو تنہا کرنے کی طاقت نہیں رکھتاہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کےمطابق بھارتی اسٹریٹجک اسٹڈیز سنٹر کے سربراہ ’’ جنرل بی کے شرما‘‘نے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ساتھ خصوصی انٹریو میں خطی امن و استحکام سے متعلق ایران کے اہم کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اسلامی جمہوریہ ایران کو تنہا کرنے کی طاقت نہیں رکھتاہے۔
اسٹریٹجک اسٹڈیز سنٹر کے سربراہ جو بھارت کی قومی سلامتی اور عسکری امور کے حوالے سے اہم ادارہ سمجھا جاتا ہےنے کہا کہ بھارت سمیت 8 ملکوں کو ایران سے تیل خریدنے کے لئے استثنی ملنے سے تہران پر دباؤ ڈالنے میں امریکی بے بسی ظاہر ہوتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اور اس کے تیل لینے والے ملکوں کو چاہئے کہ ایک ایسا مضبوط تجارتی نظام بنائیں جس میں مشترکہ تجارتی سرگرمیوں میں ڈالر کا استعمال نہ ہو۔
بھارتی تجزیہ کار نے کہا کہ ایران کو چاہئے کہ سفارتی مذاکرات میں مزید مہارت کا مظاہرہ کرے تا کہ اپنا تیل باہر بھیجنے کے لئے مؤثر راستہ نکال سکے کیونکہ امریکہ کے پیچھے ہٹنے کے عبوری مؤقف پر زیادہ یقین نہیں کیا جاسکتا۔
خطے کے امن و استحکام سے متعلق ایران کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ ایران کے کلیدی کردار سے اچھی طرح واقف ہے مگر اس کے باوجود امریکہ ایران کی بڑھتی ہوئی طاقت اور ترقی کو اپنے مفادات، اتحادی ممالک بالخصوص سعودی عرب اور اسرائیل کے لئے خطرہ سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران موجودہ حالات کی پرواہ کئے بغیر خطے کا اب بھی ایک اہم ملک ہے اور آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
موصوف ماہر نے کہا کہ ایران میں قدرتی توانائی کے وسیع ذخائر موجود ہیں جن کے گاہک بھی بڑے ہیں ایران کو اپنی اسٹریٹجک پوزیشن کی وجہ سے یورپی خطے، مغربی ایشیا اور خلیج فارس میں اہم مقام حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے لئے اپنی توانائی کی ضروریات کو تحفظ فراہم کرنا ترجیح ہے جس کے لئے بھارت کو ایرانی تیل کی اشد ضرورت پڑتی ہے۔
بھارتی اسٹریٹجک اسٹڈیز کے سربراہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایران سے تیل کی خریدار کو جاری رکھتے ہوئے مشترکہ تجارتی سرگرمیوں کے لئے مقامی کرنسی کا استعمال کرے۔
جنرل شرما نے مزید کہا کہ چابہار بھارت کے لئے سب سے اہم اور اسٹریٹجک بندرگاہ ہے جس کے ذریعے سے افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارت کو مزید آسان بنادیا جائے گا۔
- ۱۸/۱۱/۲۰