امریکی فوج کی عالمی بالادستی خطرناک حد تک زوال کا شکار ہے
امریکی نیشنل ڈیفنس اسٹریٹجی کمیشن :
نیوزنور۱۵ نومبر/امریکی نیشنل ڈیفنس اسٹریٹجی کمیشن نے اپنی ایک رپورٹ میں کہاہے کہ امریکہ کو قومی سلامتی اور فوجی بحران کا سامنا ہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق ’’ نیشنل ڈیفنس اسٹریٹجی کمیشن‘‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ امریکہ کو قومی سلامتی اور فوجی بحران کا سامنا ہےاور اگر روس و چین سے جنگ ہوئی تو امریکہ کو ذلت آمیز شکست ہوسکتی ہے۔
امریکی صدر کی دفاعی حکمت عملی پر غور کرنے والی نیشنل ڈیفنس اسٹریٹجی کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین اور روس امریکی دفاعی قوت کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت بڑھا رہے ہیں جبکہ امریکی فوج کی عالمی بالادستی خطرناک حد تک زوال کا شکار ہے اس کی وجوہات دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے فیصلے اور 2011 کے بجٹ کنٹرول اقدامات ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج ایشیا اور یورپ میں اثر و رسوخ کھو رہی ہے فوجی طاقت کا توازن بگڑنے کی صورت میں تصادم کے خطرات بڑھ گئے ہیں اور ان حالات میں کسی بڑی لڑائی کی صورت میں امریکی فوج کو بڑا جانی و مالی نقصان اُٹھانا پڑسکتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ کو افغانستان سمیت کئی ممالک میں شکست کا سامنا ہے اور امریکی فوجیوں میں خودکشی کرنے کا رجحان بھی ماضی کی نسبت زیادہ ہو گیا ہے اس کی وجہ غیر ممالک میں امریکی فوجیوں کی کئی برسوں سے غیر قانونی تعیناتی ہے۔
- ۱۸/۱۱/۱۵