اسرائیل کو ایران کا جواب انتہائی سخت ہو گا
ایرانی وزیردفاع:
اسرائیل کو ایران کا جواب انتہائی سخت ہو گا
عالمی اردوخبررساں ادارے‘‘نیوزنور’’کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیردفاع نے جنرل امیر حاتمی نےکہا کہ میں صیہونی حکومت کو خبردار کرتا ہوں کہ وہ ریشہ دوانیوں سے باز آجائے بصورت دیگر ایران کا جواب انتہائی سخت ہو گا اور نتیجے میں اسرائیل کو ہمیشہ پچھتاوا ہو گا-
انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف نتن یاہو کا بے بنیاد اور گھٹیا دعوی علاقے میں استقامتی محاذ اور فلسطینیوں کے مقابلے میں صیہونی حکومت کی پئے درپئے شکست کا نتیجہ ہے-
انہو ں نے صیہونی حکومت کے وزیراعظم کے بے بنیاد اور اشتعال انگیز دعوؤں کے جواب میں کہا کہ نتن یاہو کا تشہیراتی ڈرامہ فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے مجرمانہ اقدامات سے عالمی رائے عامہ کی توجہ منحرف کرنے کے لئے ہے اور یہ حکومت اس طرح کے ایسے ہی ڈرامے کرتی رہتی ہے-
وزیر دفاع نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطین کے مظلوم عوام کے حقوق کا اصل حامی اور مدافع ہے کہا کہ تازہ ڈرامے بازی کے لئے وقت کا انتخاب وہ بھی ایک ایسے شخص کے ذریعے جو اس طرح کے ڈرامے بازی کا ریکارڈ رکھتا ہے، اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ایرانی عوام سے صیہونی حکومت کی دشمنی کے اظہار کے علاوہ ایک خاص مقصد بھی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور وہ مقصد ٹرمپ کی ایران مخالف دشمنی میں ان کا ساتھ دینا ہے-
ایرانی وزیردفاع نے ایٹمی مذاکرات اور پھر ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے مراحل میں ایران کی جانب سے ثابت کی گئی نیک نیتی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت جب دنیا اسلامی جمہوریہ ایران کے تعمیری کردار اور تعاون کا مشاہدہ کر رہی ہےامریکیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ ان کے قول و فعل پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا اور یہ وعدہ خلافی پورے بین الاقوامی نظام کے لئے خطرناک ہو سکتی ہے-