امریکی اقدام واشنگٹن کے زوال کی علامت ہے
ایرانی نائب وزیر خارجہ:
نیوزنور06نومبر/اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینئر ایٹمی مذاکرات کار نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے اور ایران کے سلسلے میں امریکی اقدامات اور رویّہ واشنگٹن کے زوال کی علامت ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب وزیرخارجہ اور سینئر ایٹمی مذاکرات کار ’’سید عباس عراقچی‘‘ نے کہا کہ امریکہ نے ایران کے خلاف پابندیوں کے سلسلے میں دیگر ملکوں کو بھی اپنے ساتھ ملانے کی کوشش کی لیکن اسرائیل اور سعودی عرب کو چھوڑ کر کوئی بھی ملک امریکہ کا ساتھ دینے کے لئے تیار نہیں ہوا۔
انہوں نے ایران کے ساتھ یورپی یونین کے مالی ٹرانزیکشن کے سسٹم ایس پی وی کے قیام کے لئے کی جا رہی کوششوں میں پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس خصوصی مالیاتی نظام کا قیام اپنے آخری مراحل میں ہے۔
ایران کے نائب وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران مخالف امریکی پابندیوں کے مقابلے میں یورپی ملکوں کی استقامت اور ایران کے ساتھ مالی معاملات کی انجام دہی کے لئے ایک سسٹم قائم کرنے کی یورپی یونین کی کوشش سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اپنے مقصد کے حصول میں ناکام ہو گئے ہیں۔
دریں اثنا ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ عبدالناصر ہمتی نے ایران کے مرکزی بینک اور دیگر ایرانی بینکوں کے خلاف امریکہ کی نئی پابندیوں اور ایران کا رابطہ سوئیفٹ سسٹم سے کاٹ دیئے جانے کے ردعمل میں کہا ہے کہ جن ملکوں کے ساتھ ہمارے تجارتی معاملات انجام پاتے ہیں ان سے مذاکرات ہو چکے ہیں اور ان کے ساتھ کس طرح سے تجارت ہو گی اس پر بھی اتفاق رائے ہو چکا ہے۔
ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر اور ان کے استعمال کے بارے میں ضروری اقدامات کر لئے گئے ہیں اور ایران کے زرمبادلہ کے ذخائر کی سطح کو مطلوبہ سطح تک پہنچا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے مرکزی بینک نے سوئیفٹ سے رابطہ منقطع ہو جانے کے پیش نظر دیگر ملکوں کے ساتھ بینکنگ کے شعبوں میں تعاون کے لئے متبادل راستے تلاش کر لئے ہیں۔
- ۱۸/۱۱/۰۶