عرب حکمرانوں کی مسئلہ فلسطین کے بارے میں خیانت نمایاں ہوگئی
خطیب جمعہ تہران: نیوزنور19مئی/اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں
نماز جمعہ کے خطیب نے فلسطینیوں پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے مظالم کی طرف اشارہ کرتے
ہوئے کہا ہے کہ عرب حکمرانوں کی مسئلہ فلسطین کے بارے میں خیانت بالکل نمایاں ہوگئی
ہے۔ عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اسلامی
جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران کے خطیب جمعہ’’ حجت الاسلام والمسلمین کاظم
صدیقی‘‘ نے لاکھوں مومنین کے اجتماع سے خطاب کے دوران فلسطینیوں پر اسرائیل کے
بڑھتے ہوئے مظالم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عرب حکمرانوں کی مسئلہ فلسطین کے بارے میں
خیانت بالکل نمایاں ہوگئی ہے۔ خطیب جمعہ تہران نے
اسرائیل کی غاصب حکومت کی تشکیل کو عالم اسلام کے لئے بہت بڑی مصیبت قراردیتے ہوئے
کہا کہ امریکہ کی طرف سے غاصب صہیونی حکومت کی حمایت کا سلسلہ جاری ہے اور امریکہ
نے اب بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنا سفارتخانہ بھی بیت
المقدس میں کھول دیا ہے۔ انہوں نے امریکی اتحاد میں شامل عرب حکمرانوں پر شدید تنقید
کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی حمایت کرنے والے عرب ممالک بھی فلسطینیوں کے قتل عام
میں برابر کے شریک ہیں۔ موصوف خطیب جمعہ نے ایران اور گروپ 1+5 کے درمیان ہونے والے
مشترکہ ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے خارج ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی
حکومت کو یورپی ممالک کے بارے میں بھی ہوشیار اور آگاہ رہنا چاہیے کیونکہ جس طرح
امریکہ نے عہد شکنی کی ہے اسی طرح یورپی ممالک بھی عہد شکنی کرسکتے ہیں۔ کاظم صدیقی نے مزید کہا
کہ یورپی ممالک مستقل نہیں یہ خود امریکہ کے زیر نظر ہیں لہذا ان کی بات میں بھی
زیادہ وزن نہیں ہے۔