پابندیاں عائد کرکے امریکہ ایران کی باغیرت قوم کو جھکانے میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگا
چینی میڈیا:
نیوزنور05نومبر/چین کی ایک سرکاری نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکہ نے ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کے مقصد سے تیل پابندیاں عائد کردیں جس کی مخالفت میں دنیا کے اکثر ممالک اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق چین کی سرکاری نیوز ایجنسی ’’شن ہوا‘‘ نے اپنی ایک خصوصی تجزیہ رپورٹ میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران قدرتی ذخائر اور تیل برآمدات کے حوالے سے ایک بڑا ملک ہے لہذا ایران پر دباؤ نہ صرف اس کے لئے نقصان دہ ہوگا بلکہ اس صورتحال سے دیگر ممالک بھی متاثر ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق باوجود اس کے کہ امریکہ نے ایران سے تیل خریدنے والے تمام ممالک پر پابندیاں لگانے کا دعویٰ کیا تھا مگر آج وہ خود عالمی دباؤ کی خاطر 8 ملکوں کو استثنی دینے پر مجبور ہوگیا۔
چینی نیوز ایجنسی نے عالمی ماہرین کی رائے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں لگتا کہ ایران پر امریکی پابندیاں با اثر ہوں اور نہ ہی امریکہ ایران کو جھکانے میں کامیاب ہوگا جبکہ بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باوجود ایران کے حالات بہتر ہوں گے۔
شن ہوا کے مطابق آج ایران پر لگائی جانے والی پابندیوں کی نوعیت میں ماضی کے مقابلے میں زمین آسمان کا فرق ہےکیونکہ آج عالمی برادری ایران جوہری معاہدے کے حق میں ہے اور دوسری جانب بیشتر ممالک بھی ایسی پابندیوں کی مخالفت کررہے ہیں۔
- ۱۸/۱۱/۰۵