ایران کے ساتھ نئے مالیاتی نظام میں مل کر کام کریں گے
یورپی یونین:
نیوزنور03نومبر/یورپی یونین کے اہم ممالک نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یورپ کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مالیاتی لین دین کے لئے متعارف کئے جانے والے نئے نظام میں اچھی پیشرفت سامنے آئی ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق جرمنی، برطانیہ اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے یورپی یونین کی چیف خارجہ پالیسی کے ساتھ ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یورپ کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مالیاتی لین دین کے لئے متعارف کئے جانے والے نئے نظام میں اچھی پیشرفت سامنے آئی ہے۔
فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران کے ساتھ نئے مالیاتی نظام میں مل کر کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے ایران کے ساتھ خصوصی مالیاتی نظام میں قابل قدر پیشرفت دیکھنے کو ملی ہے۔
تینوں یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ اور خزانہ نے اس مشترکہ بیان میں جوہری معاہدے سے امریکی علحٰیدگی اور ایران پر پابندیوں کی تجدید پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین کو ایران جوہری معاہدے پر من و عن عمل کرنا ہوگا۔
یورپی فریقین نے مزید کہا کہ وہ عالمی قوانین کے احترام اور اجتماعی سلامتی کو مد نظر رکھتے ہوئے ایران جوہری معاہدے کا پابند رہیں گے اور انہیں توقع ہے کہ ایران بھی اس حوالے سے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
قابل ذکر ہے کہ جرمنی، فرانس، برطانیہ اور یورپی یونین نے وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایران مخالف پابندیوں کی تجدید کے فیصلے کے بعد اپنا مشترکہ بیان جاری کردیا جس کا مقصد ایران کی حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔
- ۱۸/۱۱/۰۳