عرب ریاستوں کے اسرائیل سے تعلقات فلسطینی قوم کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف
جماعت اسلامی لبنان:
نیوزنور01نومبر/لبنان کی جماعت اسلامی تنظیم نے عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کے قیام کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل سے تعلقات استوار کرنا فلسطینی قوم کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی لبنان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض عرب ممالک میں اسرائیلی رہنماؤں، حکومتی شخصیات اور سیاست دانوں کی آمد ورفت صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات کے قیام کی سازشوں کا حصہ ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عرب اقوام نے فلسطینیوں کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں مگر عرب ممالک کے حکمران اسرائیل کے حوالے سے عوام کی اُمنگوں کی ترجمانی نہیں کرتے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض صہیونی ریاست کے ساتھ دوستانہ مراسم کے قیام سے فلسطینی قوم کی آزادی کی منزل کھوٹی ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وفود کے عرب ممالک کے دورے ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب دوسری جانب اسرائیلی فوج نےفلسطینیوں پر قیامت برپا کر رکھی ہے غزہ پٹی پر وحشیانہ بم باری کرکے بے گناہ فلسطینیوں کو شہید اور زخمی کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے عمان کا دورہ کیا جبکہ بحرین کے دورے کے مقدمات بھی فراہم کئے جا رہے ہیں صہیونی وزیر ثقافت و کھیل نے بھی حالیہ دنوں عرب امارات کا دورہ کیا اور ابوظہبی میں منعقدہ کھیل مقابلوں میں اسرائیلی قومی ترانہ بھی نشر کیا گیا ہے۔