روہنگیائی مسلمانوں کی میانمار واپسی اگلے ماہ سے شروع ہوجائے گی
بنگلا دیشی وزارت خارجہ کے سیکریٹری :
نیوزنور31اکتوبر/بنگلا دیشی وزارت خارجہ کے سیکریٹری نے کہا ہےکہ روہنگیائی مسلمانوں کی میانمار واپسی اگلے ماہ سے شروع ہوجائے گی۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق بنگلا دیشی وزارت خارجہ کے سیکریٹری ’’شاہد الحق ‘‘نےمیانمار کے خارجہ امور کے انچارج مائنٹ تھو کے ساتھ ملاقات میں روہنگیا ئی مہاجرین کی واپسی کے انتظامات پرغور کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کی واپسی کے لیے روڈ میپ تیار کرلیا گیا ہےاورروہنگیائی مسلمانوں کی میانمار واپسی اگلے ماہ سے شروع ہوجائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ میانمار حکومت کی جانب سے مہاجرین کے تحفظ اور مکمل انتظامات کی یقین دہانی کے بعد مہاجرین کیمپ میں موجود 7 لاکھ سے زائد روہنگیا ئی مسلمانوں کی واپسی کا آغاز اگلے ماہ کے وسط سے ہوجائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ میانمار کی رہنما آنگ سانگ سوچی کو مہاجرین کی آباد کاری اور میانمار میں مظالم کی شفاف تحقیقات کے لیے شدید دباؤ کا سامنا ہے دورہ جاپان میں صدر شنزو آبے نے مہاجرین کی آباد کاری کے لیے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا دوسری جانب کینیڈا نے بھی اس معاملے پر آنگ سانگ سوچی کی اعزازی شہریت منسوخ کردی تھی۔
واضح رہے کہ ایک سال قبل میانمارکی فوج اور شدت پسند بدھ مت کے پیروکاروں نے روہنگیائی مسلمانوں کا قتل عام کیا ان کی املاک نذرِآتش کیں اور خواتین کی عصمت دری کی جس کے بعد 7 لاکھ سے زائد روہنگیائی مسلمانوں نے بنگلا دیشی سرحد پر بنائے گئے کیمپوں میں پناہ لی تھی ۔