ادلب کو جلد دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا جائے گا
شامی وزیر دفاع:
ادلب کو جلد دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا جائے گا
نیوزنور 27اکتوبر/ شام کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ صوبہ ادلب کو جلد دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا جائے گا۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوز نور‘‘کی رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع جنرل عبداللہ ایوب نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فوج اور رضاکار فورس کے جوانوں کے جذبہ ایثار کو سراہتے ہوئے کہاکہ میدانی صورتحال پوری طرح سے ہمارے ہاتھ میں اور دنیا ہماری کامیابیوں کا مشاہدہ کر رہی ہے۔
شام کے وزیر دفاع نے کہا کہ ملک کی مسلح افواج اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی اور ملک کے تمام علاقوں میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پوری طرح آمادہ ہیں ۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ صوبہ ادلب کو بھی ملک کے دیگر علاقوں کی طرح دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا جائے گا۔
جنرل علی عبداللہ ایوب نے کہا کہ عوام اور فوج کی استقامت اور صدر اسد کی مدبرانہ قیادت کے نتیجے میں ملک کے خلاف رچائی جانے والی سازش ناکام ہوگئی ہے۔
شام کے وزیر دفاع نے ایک بار پھر واضح کیا کہ شام میں امریکی اور برطانوی فوجیوں کی موجودگی غیر قانونی اور اقوام متحدہ کے ایک خودمختار رکن کے ملک کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ حمص، حلب، دیرالزور، غوطہ شرقی، درعا اور قنیطرہ پر شامی حکومت کی رٹ قائم ہوجانے اور ان علاقوں سے دہشت گردوں کے خاتمے کے بعد جنہیں امریکہ اعتدال پسند قرار دیتا ہے، شام میں اب ترپ کا پتہ واشنگٹن کے ہاتھ سے نکل گیا ہے۔