امریکی صدر کو علاقے کی صورتحال کا علم نہیں ہے
بہرام قاسمی:
نیوزنور 27اکتوبر/ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی صدر کو علاقے کی صورتحال اور حقائق کے بارے میں علم نہیں ہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوز نور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ’’بہرام قاسمی‘‘ نے کہا کہ امریکی صدر کو علاقے کے حالات، علاقے کی تاریخ اور خطے کے عوام کی خصوصیات اور اسی طرح اس علاقے میں برسوں سے رونما ہونے والے واقعات و تبدیلیوں کا علم نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ امریکی صدر اپنے ملک کے عوام کے مفادات کی پروا کئے بغیر بعض دہشت گرد گروہوں کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات کی بناپر امریکا کو علاقے میں جنگ میں الجھا رہے ہیں اور یوں وہ امریکی عوام کی شبیہ بگاڑنے کے ساتھ امریکی مفادات کو بھی نقصان پہنچارہے ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ نےایران کے بارے میں ٹرمپ کے حالیہ بیان کا ذکرکرتے ہوئے جو انہوں نے وال اسٹریٹ جرنل میں دیا ہے کہا کہ افسوس کہ امریکی صدر نے ایران کے خلاف بے بنیاد اور غلط بیانات دینے کی عادت بنالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے سے متعلق ایران کی پالیسی پوری طرح شفاف ہے اور وہ پالیسی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ اور علاقے میں امن و استحکام قائم کرنا ہے۔