ایران نے امریکہ کی جنگی مشینری کو روک دیاہے
تہران کے خطیب جمعہ:
نیوزنور 27اکتوبر/ تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکہ کی جنگی مشینری کو روک دیا ہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوز نور‘‘کی رپورٹ کے مطابق تہران کے خطیب جمعہ ’’حجت الاسلام محمد حسن ابوترابی فرد‘‘ نے نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ خود امریکہ کے سابق صدر اور مغربی اور مشرقی ملکوں کے تجزیہ نگاروں کے بقول ایران کے ساتھ امریکا کی محاذ آرائی کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران ترقی و پیشرفت کی بلندیوں کو سر کررہا ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا آج صرف ایران کے مقابلے میں نہیں کھڑا ہوا ہے بلکہ وہ پوری دنیا کے لوگوں کے سامنے سرکشی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ امریکہ اور اسرائیل کی جنگی مشینری دلدل میں پھنس کے رہ گئی ہے جبکہ ایران کی حکمت عملی یہ ہے کہ جنگ نہ ہو اور اس سلسلے میں امریکا کو اس کے مقصد کے حصول میں کامیاب نہ ہونے دے۔
حجت الاسلام ابوترابی فرد نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اسلامی ملکوں کے اتحاد اور ان کی طاقت کی بدولت علاقے سے جنگ کا خطرہ ختم ہوجائے گا کہا کہ سعودی حکومت جس سے آج سبھی ممالک نفرت کر رہے ہیں اور صرف امریکا اس کی حمایت کررہا ہے اب نئی جنگ کی آگ نہیں بھڑکا سکتی۔