بندوق کے ذریعے فلسطینیوں کے جذبہ آزادی کوٹھنڈا نہیں کیا جاسکتا
فلسطینی تحریک مقاومت حماس:
نیوزنور24اکتوبر/فلسطین کی اسلامی تحریک مقاومت نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی دہشتگردی میں شہید ہونے والے فلسطینی الاطرش الزکیہ کا خون اس بات کا ثبوت ہے کہ فلسطینی قوم نے مقاومت کو آزادی کے لیے بہ طور ایک ذریعہ اختیار کیا ہے اور قوم اس پالیسی پرقائم ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کےمطابق فلسطین کی اسلامی تحریک مقاومت’’حماس‘‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم کی صہیونی ریاست کے جرائم کے خلاف مقاومتی کارروائیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ فلسطینیوں نے غاصب صہیونی فوج اور یہودی آباد کاروں کے خلاف نہ صرف مقاومت اختیار کی ہے بلکہ اس میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
بیان میں غرب اردن اور بیت المقدس میں فلسطینیوں کی بڑھتی مقاومتی کارروائیوں کو فلسطینی قوم کی مقاومتی پالیسی کی عکاسی قرار دیا گیا ہے۔
حماس نے فلسطینی کی شہادت پراس کےاہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید الاطرش سمیت تمام فلسطینی شہداء کا خون جلدرنگ لائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی ریاست بندوق کے ذریعے فلسطینی قوم کے جذبہ آزادی کو ٹھنڈا نہیں کرسکتی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی ریاست کا جبر جتنا بڑھتا جائے گا فلسطینی قوم میں آزادی کا جذبہ اتنا ہی راسخ اور مضبوط ہوگا۔
واضح رہے کہ فلسطینی شہری معمر الاطرش الزکیہ کو سوموار کے روز جنوب مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں گولیاں مار کر شہید کر دیاگیا صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ الاطرش کو یہودی آباد کاروں پر چاقو سے حملے کی کوشش کے بعد گولیاں ماری گئیں42 سالہ الاطرش سات بچوں کا باپ تھا۔