پابندیوں کا امریکی حربہ ناکام ہو چکا ہے
محمد جواد ظریف:
نیوزنور 20اکتوبر/ ایران کے وزیر خارجہ نے نئی امریکی پابندیوں پر ٹوئٹ کیا ہے کہ ایران کے خلاف پابندیوں کا امریکی ہتھکنڈہ اب اس کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ ’’محمد جواد ظریف ‘‘نے ٹوئٹ کیا ہے کہ ایران کا ایک پرائیویٹ بینک جو غذائی اشیا اور دواؤں کی درآمدات کا اہم ذریعہ بنا ہوا تھا آٹھ واسطوں کے ساتھ کسی غیر قانونی مقصد کے لئے استعمال کے غلط اور بے بنیاد دعوے کے ساتھ پابندیوں کا شکار بنا لیا گیا۔
امریکہ نے منگل کے روز ایرانی عوام سے اپنی دشمنی کا ایک اور ثبوت پیش کرتے ہوئے ایران کے بیس بینکوں، کمپنیوں اور اداروں کے خلاف پابندی لگانے کا اعلان کر دیا۔
امریکی وزارت خزانہ نے ان بینکوں، کمپنیوں اور اداروں پر عوامی رضاکار تنظیم بسیج اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ساتھ رابطہ ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ امریکہ کے مقابلے میں اپنی حیثیت و وقار کا دفاع کرے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی رپورٹر ادریس جزائری سے ملاقات میں کہا ہے کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ امریکہ کی خلاف ورزیوں کے مقابلے میں کم سے کم اپنی حیثیت کا دفاع اور امریکی اقدامات کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کرے۔
انہوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ امریکہ خود اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ملک ہے مگر اس نے تمام رکن ملکوں پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل نہ کریں۔
اس ملاقات میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی رپورٹر ادریس جزائری نے ایران کے خلاف پابندیوں سے متعلق امریکی اقدامات کی مذمت کی اور ان پابندیوں کو غیر منصفانہ قرار دیا۔