ایران پر پابندیاں امریکہ کی بڑی غلطی ثابت ہوگی
روسی صدر:

نیوزنور 19اکتوبر/روسی صدر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ اپنے وعدے بالخصوص جوہری معاہدے پر پابندی سے کام کیا ہے جبکہ اس کے خلاف پابندیاں لگانے کی پالیسی امریکہ کی بہت بڑی غلطی ثابت ہوگی۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر’’ولادیمیرپوتین‘‘ نے روسی علاقے سوچی میں ایک عالمی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی اقدامات مشرق وسطٰی میں بحرانوں کے حل کے لئے مددگار ثابت نہیں ہوسکتےاور ایسے اقدامات سے نہ بحرانوں کا حل ہوگا اور نہ ہی دہشتگردی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
روسی صدر نے شام کی صورتحال اور ایرانی کردار سے متعلق کہا کہ ایران ایک ذمے دار ملک اور ہمارے ایران اور شام کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔
انہوں نے مغربی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ شام میں دہشتگردوں کی پشت پناہی اور ان کی مالی معاونت کو بند کریں۔
روسی صدر نے کہاکہ ایران نے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی اور یورپی ممالک بھی اس کے حق میں ہیں۔
انہوں نے پابندیوں کی پالیسی کو امریکہ کی بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام سمجھتے ہیں کہ ڈالر کے سوا دنیا میں کسی اور غیرملکی کرنسی پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔
روسی صدر نے مزید کہاکہ آج دنیا میں اکثر ممالک ڈالر کے بغیر تجارت کرنا چاہتے ہیں یورپ بھی چاہتا ہے کہ ایران سے تجارت کرے کیونکہ اس کی نظر میں ایران جوہری معاہدے پر من و عن عمل کررہا ہے لہذا اس نے ایران کے ساتھ عالمی سطح پر مالیاتی لین دین کے لئے مالیاتی تبادلے کے نظام سوئیفٹ کو متعارف کرایا ہے۔
- ۱۸/۱۰/۱۹