امریکہ اور اسرائیل اُمت اسلامیہ کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں
تحریک انصاراللہ کے سیکریٹری جنرل:
نیوزنور17مئی/یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل اُمت اسلامیہ کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں میں شریک ہیں۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ ’’عبدالمالک بدرالدین الحوثی ‘‘نے ماہ مبارک رمضان کی آمد کی مناسبت سے اپنے ایک خطاب میں کہا کہ علاقے میں تمام سازشوں کا مقصد اُمت اسلامیہ کو نقصان پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان اس سال ایک ایسے وقت میں شروع ہو رہا ہے جب یمن کے عوام کے سامنے بہت سے مسائل اور مشکلات ہیں اور وہ مسلسل چوتھے ماہ رمضان میں بھی امریکی اور سعودی وحشیانہ ہوائی حملوں کا سامنا کر رہے ہیں اور حتٰی ماہ رمضان میں سعودی عرب اور امریکہ کے حملوں میں شدت آجاتی ہے۔
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے کہا کہ اُمت اسلامیہ کو غیر معمولی خطرات اور مہم جوئی کا سامنا ہے۔
موصوف سربراہ نے کہا کہ اُمت اسلامیہ کے دشمنوں کا وسیع فوجی حملہ انہی خطرات میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کے بارے میں امریکی حکومت کا اقدام اور مسئلہ فلسطین کے سلسلے میں امریکی رویّہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ اُمت مسلمہ کے مقدسات کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
عبدالمالک بدرالدین الحوثی نے مزیدکہا کہ اس درمیان بعض اسلامی ممالک کوشش کر رہے ہیں کہ امریکہ اور اسرائیل کے درمیان تعلقات میں فرق ظاہر کریں لیکن حقیقت یہ ہے کہ امریکہ اور اسرائیل ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور دونوں ہی اُمت مسلمہ کے لئے بڑا خطرہ ہیں۔