نائجیریا کی مسجد میں دو خود کش حملوں میں60 افراد جاں بحق
نیوزنور02 مئی/نائجیریا کے شمال مشرقی قصبے موبی میں مسجد میں ہونے والے 2 خود کش حملوں میں 60افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ۔
عالمی اردوخبررساں ادارے‘‘نیوزنور’’کی رپورٹ کے مطابق نائجیریا کے شمال مشرقی قصبے موبی میں مسجد میں ہونے والے 2 خود کش حملوں میں 60افراد جاں بحق ہوگئے ہیں مقامی پولیس کے مطابق مسجد کے باہر اور اندر ہونے والے خود کش حملوں میں 60 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔
ریاست اداماوا کے پولیس کمشنر کے مطابق ایک خود کش بمبار نے خود کو مسجد میں دھماکا خیز مواد سے اڑایا تو دوسرے نے مسجد سے کچھ فاصلے پرخود کش دھماکا کردیا ۔
ابتدائی خبروں میں پولیس نے خود کش حملے میں مرنے والوں کی تعداد 2 درجن کے قریب بتائی تھی جبکہ زخمیوں کو اسپتال بھی منتقل کیا ،جن میں متعدد کی حالت تشویشناک تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے حملے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔
اس سے قبل موبی میں گزشتہ سال نومبر میں مسجد پر ہونے والے خود کش حملے میں 50 افراد جان کی بازی ہارگئے تھے،یہ اس سال کا بڑا حملہ ہے ۔
واضح رہے کہ نائجیریا میں عبادت گاہوں اور مذہبی مقامات پر تسلسل سے حملے کیے جارہے ہیں اور ان حملوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم بوکو حرام قبول کرتی آئی ہے۔