دشمن کی اقتصادی اور نفسیاتی جنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے بھرپور منصوبہ بندی کرلی ہے
ایرانی صدر:
نیوزنور 16 اکتوبر/اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ امریکہ طویل عرصے تک ایران مخالف پالیسیاں جاری نہیں رکھ سکتا۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے چانسلروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایران نے کہاکہ ان کی حکومت نے ایسی گہری منصوبہ بندی کرلی ہے جس کے تحت امریکہ طویل عرصے تک ایران کے خلاف اپنی پالیسیاں جاری نہیں رکھ پائے گا۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے ملک کی اقتصادی مشکلات کے حل کے حوالے سے ماہرین اقتصادیات کے تعاون اور پیش کردہ منصوبوں کی قدر دانی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے دشمن کی اقتصادی اور نفسیاتی جنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے بھرپور منصوبہ بندی کرلی ہے۔
صدر ایران نے امید ظاہر کی کہ سخت ترین حالات میں بنیادی ضرورت
کی اشیا کے حوالے سے ملک میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ دشمن کو ایران کے خلاف اقتصادی اور نفسیاتی جنگ
میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔
قابل ذکر ہے کہ تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اس اجلاس کے آغاز میں بعض اقتصادی ماہرین نے اپنے اپنے معاشی منصوبے اور نظریات بھی پیش کیے۔